ضمانت کے 4 دن بعد اختلافی نوٹ حیران کن ہے،مریم اورنگزیب

155

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کے صدر میاں محمد شہباز شریف کی ضمانت کے اعلان کے 4 دن گزرنے کے بعد اختلافی نوٹ پر تشویش ہے ۔ شہباز شریف کی ضمانت منظور ہونے ، باضابط اعلان اور ٹی وی پر چل جانے کے 4 دن بعد اختلافی نوٹ حیران کن ہے۔ مریم اورنگزیب نے اتوار کے روز ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں کہاکہ چیف جسٹس کو فیصلے سے فوری آگاہ کرنے کے باوجود ہائی کورٹ کی جانب سے 4 دن کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا ۔ عدالت کی عزت کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے، لیکن اس طرح کی صورتحال سے دوچار ہونے کا دکھ ضرور ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ ہمیں مکمل انصاف ملے گا۔ ہمارا ایمان ہے کہ عوام کی خدمت کرنے والے کو انصاف ملے کا اور شہباز شریف ہمیشہ کی طرح سرخرو ہوں گے۔