ویلفیئر بورڈ میں غیر قانونی کام نہ کیے جائیں‘ستار نیازی

156

پاکستان مزدور اتحاد ٹریڈ یونین فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری عبدالستار نیازی نے وزیراعظم پاکستان اور دیگر اعلیٰ حکام کو گزشتہ دنوں خط لکھا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ہم آپ کی توجہ سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ میں ہونے والی غیر قانونی کروڑوں روپے کے عیوض اسکولوں کے اسٹاف کی ترقیوں کی جانب کرارہے ہیں۔ انتظامیہ نے جن جن نوٹیفکیشن یا بورڈ میٹنگ کا حوالہ دے کر اساتذہ سے 5 لاکھ سے 8 لاکھ روپے گریڈ وائز رقم رشوت کے عیوض لی جو بورڈ کی کارکردگی اور بدعنوانی پر بدنما داغ ہے۔ بورڈ کی گورننگ باڈی کی میٹنگ کا ریکارڈ جس میں یہ صاف کہا گیا ہے کہ میٹنگ میں جو بورڈ کی گورننگ باڈی نے فیصلہ کیا ہے وہ اپ گریڈیشن کا فارمولا گریڈ ایک تا پندرہ گریڈ تک کی اجازت ہے مگر بورڈ کے افسران نے اساتذہ کو ترقیاں دیتے وقت بورڈ کی دسویں میٹنگ کا حوالہ دیا جو سو فیصد غیر قانونی ہے۔ دسویں میٹنگ کا خط ہے جس میں آخری پیرا گراف میں صرف گریڈ ایک تا پندرہ گریڈ منظور کیا گیا ہے مگر بورڈ کی کرپٹ افسر شاہی نے کروڑوں لینے کی خاطر نہ صرف متعلقہ دسویں میٹنگ کا غیر قانونی سہارا لیا بلکہ فراڈ پر فراڈ کرتے ہوئے فنانس ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ کے ایسے نوٹیفکیشن کا بھی سہارا لیا گیا جو سو فیصد غیر قانونی ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ سندھ ورکرز بورڈ خودمختار ادارہ ہے جو کسی طور پر بھی فنانس ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ کی حدود میں نہیں آتا۔حکومت سندھ کی بھی تقریباً وہی پالیسی ہے جو بورڈ کی دسویں میٹنگ کی پالیسی ہے۔ یہی نہیں ترقی کے لیے جاری ہونے والے آرڈرز میں ہائی کورٹ سکھر کے کیس کا بھی غیر قانونی حوالہ دیا گیا ہے جبکہ وہ کیس سکھر ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے جس کا ابھی تک فائنل فیصلہ ہی نہیں آیا مگر بورڈ انتظامیہ نے اپنا گناہ چھپانے کے لیے فنانس ڈیپارٹمنٹ سندھ اور ہائی کورٹ کا نام غیر قانونی استعمال کرکے یہ تاثر دینے کی کوشش کی ہے کہ جو اسٹاف کو ترقیاں دی گئیں ہیں وہ ہر لحاظ سے قانونی ہیں جبکہ ایک بھی ترقی قانونی نہیں بلکہ جن نوٹیفکیشن اور ہائی کورٹ کا نام استعمال کیا گیا ہے وہ بورڈ انتظامیہ کا سب سے بڑا فراڈ ہے ان ترقیوں کا جو بھیانک پہلو ہے وہ یہ کہ کروڑوں روپے وصول کرکے غیر قانونی ترقیاں کی گئیں اب جن کی ترقیاں ہوئی ہیں ان اساتذہ یا دیگر اسٹاف کو 2006ء سے واجبات دیے جائیں گے جو تقریباً 10 کروڑ روپے بتائے جارہے ہیں یہ رقم بھی مزدوروں کے فنڈز سے نکال کر بندربانٹ کی جائے گی۔ مزدور رہنما ستار نیازی نے واقعہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔