جمہوریت کو پروان چڑھائیں گے‘ حبیب جنیدی

139

پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے مقابلہ میں کسی بھی دوسری سیاسی جماعت نے اس ملک میں مارشل لاء اور آمریتوں کے خلاف مزاحمت نہیں کی جس کی کوئی دوسری مثال نہ صرف یہ کہ پاکستان بلکہ خطہ کے دیگر ممالک کی جمہوری تحاریک میں بھی مشکل ہی سے ملے گی۔وہ حاجی محمد یعقوب ،سیّدہ نادرہ پروین، ارشاد خان سواتی ،جہاں داد خان اور دیگر مزدور رہنماؤں کے ایک گروپ سے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر اپنے دفتر میں گفتگو کررہے تھے ۔انہوں نے گذشتہ روز پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اسلام آبادکے سربراہی اجلاس میں پارٹی کی جانب سے اختیار کئے گئے مؤقف کی محنت کشوں کی جانب سے مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی اپنی روایات کے عین مطابق مختلف سطح کی تنظیموں اور کارکنوں کو اعتماد میںلے کر ہی کوئی لائحہ عمل اختیارکرنے پر یقین رکھتی ہے کیونکہ یہی جمہوری طریقہ کار ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے پی ڈی ایم کا پیغام ملک کے کونے کونے میں پہنچانے اور اسے فعّال کرنے میں سب سے زیادہ محنت کی ہے ۔حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ پارٹی دیگر تمام سیاسی جماعتوں کا احترام کرتی ہے مگر اس کے ساتھ ہی وہ کسی غیر منطقی اور غیر ضروری مہم جوئی کا شکار ہوئے بغیر کہ جس کے نتیجہ میں آمریت کے پروردہ سیاسی گروہوں کے مقاصد پورے ہوں، سلیکٹڈحکمرانوں کو واپس اُن کے گھروں کو بھیجنے کی عوامی قوّت اور فہم و فراست رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو اس ملک کی سیاست کا مستقبل ہیں اور پاکستان کے لاکھوں محنت کش اُن کی آواز پر سمندر کی لہروں کی طرح اُبھریں گے اور غاصب حکمرانوں کے اقتدار کے اختتام کا فیصلہ پھر اُن ہی کے ہاتھوں میں ہوگا۔