پریم یونین کے شیخ مجید انور کے بھائی انتقال کرگئے

125

پاکستان ریلوے ایمپلائز پریم یونین سی بی اے کے مرکزی صدر شیخ محمد انور کے بڑے بھائی اکبر حسین گزشتہ دنوں لاہور میں انتقال کرگئے۔ شیخ انور کے بڑے بھائی انتہائی شفیق، متحرک اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ریٹائرڈ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن تھے۔ ان کی نماز جنازہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں امیر العظیم، ذکر اللہ مجاہد، پریم یونین کے مرکزی چیئرمین ضیاء الدین انصاری، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور ڈویژن ناصر خلیلی، چیف انجینئر بشارت وحید، ڈپٹی جنرل منیجر ریلوے عثمان غنی سمیت سیاسی و سماجی شخصیات، خاندان کے افراد اور بہت سے ملازمین اور لوگوں نے شرکت کی اور مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسان کی بخشش کے لیے یہ امر کافی ہے کہ جنازے میں لوگ اس کی اچھائیاں بیان کریں۔ آج کے دن جب اکبر حسین اللہ رب العزت کے حضور پیش ہوئے تو جہنم کے دروازے بند ہوگئے اور جنت کے دروازے کھول دیے گئے۔ ان شاء اللہ میرا ایمان ہے کہ اکبر حسین اپنا روزہ جنت الفردوس میں رکھیں گے۔ فرشتے ان کے استقبال کے لیے کھڑے ہوں گے۔ شیخ انور کا خاندان ایک مذہبی گھرانہ ہے اور ان کے والد محترم نے ان بچوں کی بہت اچھی تربیت کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ لوگ آج اپنے بھائی کی موت سے نڈھال ہوگئے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر ان کے بیٹے حسین احمد اور تمام عزیز واقارب سے فرداً فرداً تعزیت بھی کی۔