مزدور کو رمضان میں سہولتیں دی جائیں‘ نظام الدین

78

نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کے صدر سید نظام الدین شاہ، سینئر نائب صدر عبد الجبار سومرو، جنرل سیکرٹری شکیل احمد شیخ، انفارمیشن سیکرٹری محمد احسن شیخ نے حکومت کی جانب سے رمضان پیکیج میں غریب محنت کشوں کو نظر انداز کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں 17ہزار2سو روپے ماہانہ میں چھوٹے سے چھوٹے گھر کے مہینہ کا خرچ چلانا بھی ممکن نہیں ہے۔ رمضان کی آمد پر ذخیرہ اندوز اور منافع خوروں نے حکومت کی نااہلی اور عملاً سرپرستی کے نتیجے میں اشیائے ضرورت کی قیمتوں کو غریب محنت کش کی پہنچ سے بہت دور کردیا ہے۔ انہو ںنے کہا کہ صنعتی قوانین کے مطابق ہر فیکٹری میں کم قیمت اشیاء کی دکان کا ہونا ضروری ہے لیکن محکمہ محنت اور محکمہ صنعت کے نااہل مفاد پرست اور محنت کشوں کے دشمن حکام نے اپنی آنکھیں بند کی ہوئی ہیں اور صنعتی اداروں میں قوانین پر عمل درآمد کو عملاً مذاق بنا دیا ہے۔ رہنمائوں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی اور وفاقی اداروں کے دائرہ کار سے بالا تر ہو کر غریب محنت کشوں کی داد رسی کریں اور متعلقہ قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور محنت کشوں کے لیے ہر صنعتی علاقے اور لیبر کالونی میں کم از کم یوٹیلیٹی اسٹور کی ایک برانچ رمضان المبار ک کی برانچ قائم کرائیں۔