قال اللہ تعالیٰ و قال رسول اللہ ﷺ

250

اور وہ دوسری چیز جو تم چاہتے ہو وہ بھی تمہیں دے گا، اللہ کی طرف سے نصرت اور قریب ہی میں حاصل ہو جانے والی فتح اے نبیؐ، اہل ایمان کو اِس کی بشارت دے دو۔ اے لوگو جو ایمان لائے ہو، اللہ کے مددگار بنو، جس طرح عیسیٰ ابن مریمؑ نے حواریوں کو خطاب کر کے کہا تھا: ’’کون ہے اللہ کی طرف (بلانے) میں میرا مددگار؟‘‘ اور حواریوں نے جواب دیا تھا: ’’ہم ہیں اللہ کے مددگار‘‘ اْس وقت بنی اسرائیل کا ایک گروہ ایمان لایا اور دوسرے گروہ نے انکار کیا پھر ہم نے ایمان لانے والوں کی اْن کے دشمنوں کے مقابلے میں تائید کی اور وہی غالب ہو کر رہے۔ (سورۃ الصف:13تا14)

نبی کریم ؐ نے فرمایا: ’’انسان جو بھی نیک عمل کرتا ہے، اس کا اجراسے دس گنا سے لے کر سات سو گنا تک ملتا ہے۔ لیکن روزے کے بابت اللہ عزوجل فرماتا ہے کہ یہ عمل (چوںکہ) خالص میرے لیے ہے، اس لیے میں ہی اس کی جزادوں گا۔ روزے دار صرف میری خاطر اپنی جنسی خواہش، کھانا اور پینا چھوڑتا ہے۔ روزے دار کے لیے دو خوشیاں ہیں: ایک خوشی اسے روزہ کھولتے وقت حاصل ہوتی ہے اور دوسری خوشی اسے اس وقت حاصل ہوگی جب وہ اپنے ربّ سے ملے گا اور روزے دار کے منہ کی بو اللہ کے ہاں کستوری سے بھی زیادہ پاکیزہ ہے‘‘۔ (صحیح بخاری، باب فضل الصوم، مسلم باب فضل الصیام)