حافظ نعیم سے ماہی گیروں کی ملاقات، وطن واپس لانے پر اظہار تشکر

429
کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نورحق میں ماہی گیر ملاقات کررہے ہیں

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نور حق میں پاکستانی ماہی گیروں کی ملاقات، جماعت اسلامی کراچی کے شعبہ بین الاقوامی امور اور ڈائریکٹر امور خارجہ نوید علی بیگ کی کوششوں سے وطن واپسی ممکن بنانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے ماہی گیروں کو ہار پہنائے اور مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی ؒ کا ترجمہ تفہیم القرآن کا سیٹ بطور ہدیہ پیش کیا اور کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ سے مظلوموں اور محروموں کے ساتھ ہے
اور آئندہ بھی رہے گی، آپ جماعت اسلامی سے اپنا تعلق مضبوط کریں، ملک میں عدل و انصاف کے قیام اور نفاذ دین کیلیے جماعت اسلامی کی جدوجہد میں شامل ہوجائیں۔ وطن واپس لوٹنے والے ماہی گیروں نے بتایا کہ سمندری راستوں میں طغیانی کے باعث ہماری کشتی خراب ہوگئی تھی جس کے باعث ہم راستہ بھٹک گئے اور تقریباً ایک ماہ تک سمندر میں ہی بے یار و مددگار پھنسے رہے۔ جماعت اسلامی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انڈونیشیا کے سفارتخانے سے رابطہ کر کے ہمیں رہا کروانے اور وطن واپس لانے کیلیے بات چیت کی جس کے نتیجے میں آج ہم اپنوں کے درمیان موجود ہیں۔ انڈونیشین حکومت نے ہمیں ایمیگریشن آفس میں ٹھہرایا تھا جہاں ہمیں تمام بنیادی ضروریات اور اہل خانہ سے رابطے کیلیے انٹرنیٹ، موبائل سمیت تمام سہولیات فراہم کیں اور ہمارے ساتھ بہت ہی اچھا سلوک روا رکھا گیا۔