آج ملک گیر شٹرڈائون اور پہیہ جام ہوگا،مفتی منیب الرحمن کا اعلان

366
کراچی: مفتی منیب الرحمن تنظیمات اہلسنّت کے تحت ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ممتاز عالم دین اور سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن نے لاہور واقعے کے خلاف آج پیر کو ملک گیر پہیہ جام اور شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا۔کراچی کے دارالعلوم امجدیہ میں مفتی منیب کی زیر صدارت موجودہ صورتحال پر تنظیمات اہلسنت کا اجلاس ہوا۔ جس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ زخمیوں کو اسپتال لے جانے کے لیے ایمبولینسز کو آنے نہیں دیا جارہا، یہ ظلم کی انتہا ہے، لوگ حکومت کو بددعائیں دے رہے ہیں، تارکین وطن کے فون آرہے ہیں اور وہ برطانیہ میں منگل کو پاکستانی قونصل خانے کے باہر مظاہرہ کیا جائے گا۔مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ جیلوں میں قید کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور تمام جعلی ایف آئی آرز واپس لی جائیں۔انہوں نے کہا
کہ عوام سے ناموسِ رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کے نام پر تعاون کی درخواست کی جاتی ہے،تاجر برادری اور ٹرانسپورٹرز سے امید ہے کہ وہ ہڑتال میں بھرپور تعاون کریں گے۔مفتی منیب الرحمن نے کہا صنعتکاروں سے اپیل ہے کہ اسٹاک ایکسچینج کو بند رکھا جائے، ہم پرامن تھے اور پرامن رہیں گے، یہ گولیاں جو عوام کے ٹیکس سے بنائی گئی ہیں ان کے سینوں پر داغنے کے لیے نہیں ہیں۔مفتی منیب نے بتایا کہ پریس کانفرنس سے قبل حکومتی اہل کاروں نے مجھے کہا کہ امن و سلامتی کی بات کی جائے لیکن ہم حکومت سے کہیں گے کہ وہ طاقت کے نشے میں ظلم نہ کرے اور ہوش کے ناخن لے۔مفتی منیب الرحمان نے اپیل کی کہ اس پرامن ہڑتال میں کسی کو بھی نقصان نہ پہنچایا جائے۔