شوکت ترین نے وزیراعظم کو معاشی مسائل کا حل بتادیا

208

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے نئے وزیر خزانہ شوکت ترین نے وزیراعظم کو ملک کے معاشی مسائل سے نمٹنے کا حل بتادیا۔

وزیراعظم عمران خان سے نئے وزیر خزانہ شوکت ترین کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ماہر معاشیات، مالیاتی امور کے ماہرین اور وفاقی وزیر حماد اظہر سمیت دیگر نے شرکت کی۔ ملاقات 2 روز قبل وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی تھی جس میں ملکی معاشی صورتحال پر غور کیا گیا۔

ملاقات میں شریک افراد نے وزیر خزانہ شوکت ترین سےمعاشی پلان سے متعلق سوالات کیے۔ ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے شوکت ترین کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ شوکت ترین کو 35 سال سے جانتا ہوں۔ شوکت ترین شوکت خانم اسپتال کے بورڈ آف گورنرز کا بھی حصہ رہے۔ معاشی معاملات میں مزید استحکام کے لیے شوکت ترین بہتر پلاننگ سے کام کریں گے۔

شوکت ترین نے کہا کہ 49 سال کے تجربے کی بنیاد پر کہہ سکتا ہوں معاشی مسائل کا صرف ایک ہی حل ہے کہ ملکی مجموعی پیداوار (جی ڈی پی) گروتھ کو کم سے کم 6 سے 7 فیصد تک لانا ہوگا۔

شرکا نے شوکت ترین سے سوال کیا کہ کیا گورنر اسٹیٹ بینک کو تبدیل کیا جائے گا؟ جس کے جواب میں شوکت ترین نے کہا کہ گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے بہترین اصلاحاتی کام کیا، رضا باقر کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں۔