پہلی تا آٹھویں جماعت کے طلبہ کے لیے اسکولز بند رکھنے کا فیصلہ

136

حکومت نے پہلی تا آٹھویں جماعت تک کے اسکولز عید تک بند رکھنے اور 9ویں تا 12ویں جماعت تک مرحلہ وار کلاسز جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرِ صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم و صحت کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں تعلیمی اداروں کے حوالے سے متعدد فیصلے کیے گئے۔

اجلاس کے بعد ٹوئٹر پر وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ اجلاس میں پہلی تا آٹھویں جماعت تک کے اسکولز کو عید تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ کورونا وائرس سے زیادہ متاثر ہونے والے اضلاع میں 9ویں تا 12ویں جماعت کے طلبہ کے لیے مرحلہ وار کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ طلبہ بورڈ کے امتحانات کی تیاری کر سکیں۔

شفقت محمود نے کہا کہ 9ویں تا 12ویں جماعت کے امتحانات بورڈ کی جانب سے نئی تاریخوں کے اعلان کے مطابق ہوں گے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اے، اے ایس، او لیول اور آئی جی سی ایس ای امتحانات سی اے آئی ای ایس کی مقررہ تاریخ کے مطابق ہوں گے۔ امتحانات ملتوی یا منسوخ نہیں کیے جائیں گے۔ جو طلبہ اکتوبر اور نومبر میں امتحانات دینا چاہتے ہیں وہ جمع کردہ فیس میں امتحانات دے سکیں گے۔

شفقت محمود نے کہا کہ یونیورسٹی میں داخل کا شیڈول نئے امتحانی ٹائم ٹیبل کے تحت ترتیب دیا جائے گا۔ کورونا سے متاثرہ اضلاع میں موجود یونیورسٹیوں کی کلاسز آن لائن ہوں گی جب کہ 8 فیصد سے کم شرح والے اضلاع میں کلاسز جاری رہیں گی۔