رمضان المبارک میں بھی لوڈشیڈنگ عوام پر ظلم ہے ،حافظ نعیم

345

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کے الیکٹرک کی جانب سے غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ پر شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں سحر وافطار اور نماز تراویح کے دوران بھی لو ڈ شیڈنگ شہریوں کے ساتھ سراسر زیادتی اورظلم ہے ،حکومت مختلف مدات میں کے الیکٹرک کو مسلسل ریلیف فراہم کررہی ہے لیکن اس
کے باوجود کے الیکٹرک نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے ،وفاقی حکومت نے رمضان المبارک سے قبل اعلان کیا تھا کہ رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ ختم کردی جائے گی لیکن عملاً صورتحال یہ ہے کہ لوڈ شیڈنگ سے مستثنا علاقوں میں بھی 6گھنٹے جبکہ دیگر علاقوں میں 10سے 12گھنٹے کی طویل لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ،سحر و افطار ،نماز تراویح کے دوران بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ شدید گرمی میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ اہل کراچی پر ظلم اور کے الیکٹرک کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کا ثبوت ہے۔ کے الیکٹرک اور وفاقی حکومت کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔ لوڈشیڈنگ عوام کا ایک دیرینہ مسئلہ بن گیا ہے اور کے الیکٹرک عوام کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی میں بار بار ناکام ہو رہی ہے۔پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کے تحت قائم کے الیکٹرک کمپلینٹ سیل میں موصول عوامی شکایات کے مطابق شہر بھر میں ان علاقوں میں بھی مسلسل لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ،کے الیکٹرک کے مطابق گلستان جوہر،گلشن اقبال ، ڈیفنس کلفٹن ، اختر کالونی اور ابوالحسن اصفہانی روڈ سمیت کئی علاقے لوڈ شیڈنگ فری زون ہیں تا ہم ان علاقوں میں 5سے6گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے جبکہ بیشتر علاقوں میں 10سے12گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ رمضان میں بدترین لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔سحری و افطار کے وقت لوڈ شیڈنگ سے گھروں میں خواتین بھی مشکلات کا شکار ہیں ۔حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمے داری ہے کہ کے الیکٹرک کی نا اہلی و ناقص کارکردگی ،غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف نوٹس لیا جائے اور معاہدے کے مطابق بجلی کی پیداوار میں اضافہ نہ کرنے پر اس کے مالکان پر بھاری جرمانہ عاید کیا جائے ۔