افغانستان میں وسیع البنیاد امن کے حامی ہیں،ایران

172

تہران (اے پی پی)ایران کے وزیر خارجہ نے زور دے کر کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران افغانستان میں وسیع البنیاد امن کی حمایت کرتا ہے۔ ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے رائے سینا اجلاس 2021ء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ کچھ بات چیت ہوئی ہے جو ایران کے قومی مفاد اور انہیںافغانستان میں وسیع البنیاد قیام امن کے لیے راضی کرنے کے لیے تھی ۔انہوں نے کہا کہ طالبان کو افغانستان میں قیام امن کا حصہ ہونا چاہیے تاہم اس امن کے عمل کا کنٹرول طالبان کے ہاتھ میں نہیں ہونا چاہیے۔ وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا کہ ایران ، طالبان اور دیگر گروہوں بالخصوص حکومت افغانستان کی خاطر کسی بھی طرح کا اجلاس بلانے کے لیے تیار ہے تاکہ اس ملک میں آئین کے دائرے میں قیام امن کے حصول کو آگے بڑھانے کے لیے سنجیدہ مذاکرات ہو سکیں ۔وزیرخارجہ نے کہا کہ علاقے کے ممالک کو افغانستان کی مدد کرنی چاہیے اوراس ملک میں قیام امن کے لیے علاقے میں اتحاد ہونا چاہیے۔