پاکستان کی جنوبی افریقا کے خلاف لگاتار دوسری سیریزمیں کامیابی

191

پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف سنچورین میں کھیلے گئے چوتھے اورآخری ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں تین وکٹ سے کامیابی حاصل کرکے چار ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز3-1 سے جیتی۔ پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف لگاتار دوسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹیبین الاقوامی میچوں کی سیریز جیتی ہے جبکہ کل ملاکر وہ تیسری مرتبہ کسی ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقا کو شکست دینے میں کامیاب رہی ہے۔
پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلی ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز اس کے گھر پر 2013 میں جیتی تھی۔ اس سیریز میں صرف ایک ہی میچ کھیلا گیا تھا جس میں مہمان ٹیم نے جیت اپنے نام کی تھی۔اپنے گھر پر فروری2021 میں ہوئی تین ٹیسٹ میچوں کی سریز میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو2-1 سے ہرایا تھا۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ابھی تک ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں کی آٹھ سریزیں کھیلی گئی ہیں جس میں سے تین میں پاکستان نے جیت حاصل کی ہے۔ چار سریزوں میں جنوبی افریقا فاتح رہی ہے اور ایک سیریز برابر رہی ہے۔ یہ سیریز نومبر 2013میں ہوئی تھی ۔ دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں کی اس سیریز میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک میچ جیتا تھا۔
جنوبی افریقا کے خلاف پہلی مرتبہ پاکستان نے چار ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلی۔ یہ دوسرا موقع تھا جب اس نے کسی سریز میں چار ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلے۔اس سے پہلے اس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 2017 میں ویسٹ انڈیز میں چار ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں کیسیریز کھیلی تھی جس میں3-1 سے کامیابی حاصل کی تھی۔
جنوبی افریقا میں ہوئی موجودہ سیریز میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز میں 3-1 سے کامیابی حاصل کی تھی۔پہلے میچ میں جوجوہانسبرگ میں کھیلا گیا تھا پاکستان نے ایک بال رہتے چار وکٹ سے جیت حاصل کی تھی۔ جنوبی افریقا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میںچھ وکٹ پر 188 رنز بنائے تھے۔ پاکستان نے19.5 اوور میں چھ وکٹ پر189 رنز بناکر میچ جیتا تھا۔ اسی میدان پر ہوئے دوسرے میچ میں پاکستان کو شکست ہوئی تھی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوور میںنو وکٹ پر 140 رنز بنائے تھے۔ جنوبی افریقا نے14 اوور میں چار وکٹ پر 141رنز بناکر میچ جیتا تھا اورسیریز1-1سے برابر کرلی تھی۔سنچورین میں سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے نو وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے خلاف دوسری مرتبہ دو سو سے زیادہ رنز بنے اور اس نے پہلی مرتبہ دوسری اننگز میں دو سو سے زیادہ رنز بناکر جیت اپنے نام کی۔جنوبی افریقا نے مقررہ 20 اوور میں پانچ وکٹ پر 203 رنز بنائے تھے پاکستان نے18 اوور میںایک وکٹ پر 205 رن بناکر جیت اپنے نام کی تھی۔اسی میدان پر ہوئے چوتھے میچ میں جنوبی افریقا کو19.3 اوور میں144 رن پر آئوٹ کرنے کے بعدپاکستان نے19.5 اوور میں سات وکٹ پر149 رن بناکر میچ جیتا تھا۔ محمد نواز نے لیزاڈ ولیمس کی بال پر شاندار چھکا لگاکر پاکستان کو فاتح بنایا تھا۔