حکومت بوکھلاہٹ کا شکار اور کمزور بیساکھیوں پر کھڑی ہے‘ جاوید قصوری

223

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومت کی پالیسیاں ناقابل فہم ہیں، ایک مبینہ احتجاجی کال سے خوفزدہ ہوکر انٹر نیٹ کی بندش سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بعض علاقوںمیں ابھی تک موبائل انٹر نیٹ سروس بند ہے۔ جس سے لوگوں کے کاروبار متاثر ہورہے ہیں۔ حکومت کی بوکھلاہٹ سے عیاں ہوگیا ہے کہ وہ کتنی کمزور بیساکھیوں پر کھڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں ردو بدل سے عوام کو ریلیف نہیں مل سکتا۔ وزرا کے قلمدان تبدیل کرنے سے ان کی کارکردگی بہتر نہیں ہوسکتی۔ شوکت ترین تحریک انصاف کی ڈھائی سالہ حکومت کے چوتھے وزیر خزانہ ہیں جبکہ اس سے قبل اسد عمر، حفیظ شیخ، حماد اظہر بھی معیشت کو درست کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ قوم کو تبدیلی کے نام پر دھوکا دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے پاس عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوئی پالیسی نہیں ہے۔محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ ٹیم نہیں اب کپتان بدلنے کا وقت آگیا ہے۔ فصلی بٹیروں سے انقلا ب کی توقع نہیں کی جاسکتی۔