حکومت این جی اوز کو ویکسین درآمد کرنے کی اجازت دے ،الخدمت فائونڈیشن

373

راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکور نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقات کی اور انہیں تجاویز دیں کہ حکومت پاکستان صحت کے لیے کام کرنے والی غیر منافع بخش غیر سرکاری تنظیموں کو غیر تجارتی بنیادوں پر ویکسین درآمد کرنے کی اجازت دے اور ان سے خالصتاً انسانی مدد کی بنیاد پر کام لینے کا پروگرام بنائے۔ احساس پروگرام کے تحت جو لوگ رجسٹرڈ ہیں ان کو ویکسی نیشن کی فراہمی کے لیے احساس پروگرام سے فنڈز مختص کرکے صحت کے شعبے میں کام کرنے والی این جی اوز کے ذریعے ویکسی نیشن کروائی جائے۔ پرائیویٹ اور سرکاری تعلیمی اداروں اور ایسے کاروبار جو کورونا کے باعث بند ہیں کو غیر تجارتی بنیادوں پر ویکسین فراہم کی جائے۔ ادارے اپنے تمام عملے کی ویکسی نیشن کو ادائیگی کے ساتھ مکمل کریں تاکہ یہ ادارے جلد از جلد اپنی سرگرمیوں کو بحال کرسکیں۔ گورنر پنجاب نے الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے دی جانے والے تجاویز کو سراہا اور کہا کہ کورونا کی کشیدہ ہوتی صورت حال کے پیش نظر ضروری ہے کہ جس طرح این جی اوز نے پہلے حکومت کے شانہ بشانہ اپنا فعال کردار ادا کیا ہے، ویسے ہی اب ویکسی نیشن کے عمل میں بھی غیر سرکاری تنظیموں کو اس کا حصہ بنا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جلد ہی وہ تمام این جی اوز پر مشتمل ایک کنسورشیم تشکیل دیں گے جو اپنی تجاویز حکومتِ پاکستان کے سامنے رکھے گا کہ کس طرح این جی اوز ویکسی نیشن کے عمل میں حکومت کی معاونت کرسکتی ہیں۔ اس موقع پر صدر بورڈ آف گورنرز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم، سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن شاہد اقبال اور دیگر این جی اوز کے سربراہان بھی موجود تھے۔