راجا جواد پر جھوٹا مقدمہ درج کرنا باعث تشویش ہے‘ عارف شیرازی

416

راولپنڈی (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی نے نائب امیر اور انجمن تاجران گوجر
خان کے صدر راجا محمد جواد کو ایف آئی آر میں نامزد کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی کے نائب امیر راجا محمد جواد اور ان کے دیگر ساتھیوں نے پولیس اور مظاہرین کے درمیان معاملات کو سلجھانے اور پر امن بنانے کے حوالے سے مثبت کردار ادا کیا تھا اور سب لوگ اس بات کے گواہ ہیں۔ ان کے کردار کو سراہنے کے بجائے ایف آئی آر میں نام شامل کرنے سے ایسا لگتا ہے کہ کچھ عناصر پرامن حالات کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔ راجا محمد جواد اور ان کے ساتھیوں کی کوششوں ہی سے گوجر خان کا دھرنا پرامن طور پر ختم ہوا تھا۔ سید عارف شیرازی نے مطالبہ کیا ہے کہ راجہ محمد جواد کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹا مقدمہ فوری طور پر ختم کیا جائے ورنہ سخت رد عمل آئے گا۔