وزارتوں میں رد و بدل عوام کے ساتھ دھوکا ہے‘ ذکر اللہ مجاہد

176

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حقیقی تبدیلی چہروں کوبدلنے سے نہیں نظام کی تبدیلی سے آئے گی۔ حکومتی کابینہ میں وزارتوں کا ردو بدل عوام کے ساتھ محض دھوکا ہے۔ منصورہ میں لاہور کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر دور میں اقتدار کے مزے لینے والے لوگ نام نہاد تبدیلی کے چیمپئن بنے ہوئے ہیں۔ کپتان ناقص کارکردگی پر کھلاڑی کوٹیم سے نکالنے کے بجائے صرف جگہ تبدیل کررہا
ہے۔ ٹیم ناقص کھلاڑیوں پر مشتمل ہو تو جگہ بدلنے سے فائدہ نہیں بلکہ مزید نقصان ہوتا ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد، نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم، ضیا الدین انصاری، چودھری محمود الاحد، وقار ندیم وڑائچ، حاجی ریاض الحسن، ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور مرزا عبدالرشید، احمد سلمان بلوچ، انجینئر حماد رشید، سیکرٹری جے آئی یوتھ پاکستان شاہد نوید ملک، صدر جے آئی یوتھ لاہور عبداللہ ایڈووکیٹ، امرا علاقہ جماعت اسلامی لاہور، علاقائی و زونل نظم لاہور، ضلعی کمیٹیوں، گروپ لیڈرز ، صدر سیاسی کمیٹی زونز ،ذمے داران و عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی رمضان المبارک میں قرآن و سنت کا پیغام گھر گھر پہنچائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صدقات و زکوٰۃ کے کلچر کو عام کیا جائے۔ اسی سے ملک میں غربت اور معاشی بدحالی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔
ذکر اللہ مجاہد