جیکب آباد، جمس اسپتال میں ڈائریکٹر کی تعیناتی التوا کا شکار

137

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جمس اسپتال میں نئے ڈائریکٹر کی تعیناتی التواء کا شکار، امیدواروں کی درخواستوں کو دو ماہ بیت گئے، انٹرویو نہ ہوئے، کرپشن، بدانتظامی کی شکایات نظر انداز کرکے موجودہ ڈائریکٹر کوکام جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی، ذرائع۔ جیکب آباد کے جمس اسپتال میں نئے ڈائریکٹر کی تعیناتی التوا کا شکار ہوگئی، وزارت صحت کی جانب سے جمس اسپتال میں کرپشن، بدانتظامی کی شکایات اور عوامی احتجاج کے بعد موجودہ ڈائریکٹر جمس عبدالواحد ٹگڑ کی توسیع ختم کرکے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے جمس کے ڈائریکٹر کی اسامی کے لیے اخبارات میں اشتہار بھی دیا گیا، آٹھ سے زائد امیدواروں نے درخواستیں بھی جمع کرائی لیکن اس کے باوجود امیدواروں سے دو ماہ سے انٹرویو نہیں لیے گئے۔ ذرائع کے مطابق موجودہ ڈائریکٹر نے محکمہ صحت کی وزرات کے حکام سے معاملات طے کرلیے ہیں، جس کے بعد انہیں کام جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق دو کروڑ کی ڈیل کے بعد نئے ڈائریکٹر کی تعیناتی کے معاملے کو تاخیر کا شکار کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر کی سیٹ کے لیے درخواست دینے والے ڈاکٹر خالد بھنگر نے رابطے پر کہا کہ دو ماہ سے انتظار میں ہیں کہ کب انٹرویو کال آتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ ڈائریکٹر عبدالواحد ٹگڑ نے تو درخواست ہی جمع نہیں کرائی، یو ایس ایڈ کی جانب سے گفٹ کیے گئے جمس اسپتال جیسے شاندار صحت کے ادارے کو ایک اہل اور تجربہ کار ڈائریکٹر کی ضرورت ہے جو علاقے کے لوگوں کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ جمس کی خدمات 24 گھنٹے مریضوں کو مہیا کرے۔ دوسری جانب سماجی رہنما عبدالحئی سومرو نے رابطے پر کہا کہ صوبائی حکومت کے نوٹس اور نئے ڈائریکٹر کی تعیناتی کے فیصلے پر احتجاج مؤخر کیا لیکن اب نئے ڈائریکٹر کی تقرری کے معاملے کو سردخانے کی نظر کیا گیا ہے جو کسی صورت قبول نہیں۔ موجودہ ڈائریکٹر کی کرپشن اور بد انتظامی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، تین سال سے جمس میں ایمرجنسی کا شعبہ بند ہے، ٹگر تین سال میں جمس کو مکمل فعال نہیں کرسکے جو ڈائریکٹر کی سیٹ کے اہل نہیں اگر نہ ہٹایا گیا تو ایک بار پھر احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا اور عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔