میرپورخاص، یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی ، آٹا اور گھی غائب

299

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) عوام وفاق کے رمضان پیکج سے محروم، یوٹیلیٹی اسٹور زپر عوام کے لیے چینی، آٹا اور گھی غائب، جبکہ یو ٹیلیٹی اسٹورز انتظامیہ کی ملی بھگت سے بڑے پیمانے پر گھی، شکر اور آٹا مقامی تاجر اور دکاندار خرید رہے ہیں۔ وفاقی حکومت کا رمضان پیکج تاجروں اور دکانداروں کے لیے سونے کی چڑیا بن گیا عوام میں بے چینی کی لہر وزیر اعظم سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ میرپورخاص کے شہری وزیر اعظم کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹور پر اعلان کیے گئے رمضان پیکج سے محروم ہیں میرپورخاص میں قائم یو ٹیلیٹی اسٹورز پر اکثر گھی، آٹا اور چینی غائب ہوتی ہے، یوٹیلیٹی اسٹوروں پر آٹا، چینی اور گھی سے بھرے ہوئے ٹرک تو اتر تے ہیں مگر یہ سامان عوام کو نہیں مل رہا ہے جس کی وجہ سے عوام بازار سے مہنگا آٹا، گھی اور چینی خریدنے پر مجبور ہیں، یوٹیلیٹی اسٹور میں صرف چند دالیں، صابن، مشروبات اور کجھوریں ہی دستیاب ہیں، عوام میں یوٹیلیٹی اسٹور پر اشیائے ضرورت نہ ملنے پر بے چینی پائی جارہی ہے، اسٹوروں پر لائنوں میں کھڑے صارفین ، عمران احمد، عبداللہ ، کامران ، دھنی بخش ، کلن ، سہیل احمد، غفور احمد اور دیگر کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کا اعلان ان کے لیے صرف اعلان ہی رہا ہے اسٹوروں سے چینی ، گھی شکر غریب عوام کو نہیں بلکہ دکانداروں کو فروخت کی جارہی ہے صارفین نے وزیر اعظم پاکستان سے یوٹیلیٹی اسٹور میں آٹا، چینی اور گھی کی عدم دستیابی پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب شہر میں قائم یوٹیلیٹی اسٹور ز پر تعینات عملے کی من مانیاں عروج پر، نہ کوئی رسید نہ خرید کیے ہوئے سامان کی رسید دی جاتی ہے، شدید دھوپ گرمی میں پریشان خریدار شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر ہم یوٹیلیٹی اسٹور سے آئل یا گھی کی خریداری کریں تو دوسرا سامان زبردستی دیتے ہیں اِس سے قبل بھی اسی نوعیت کی شکایت شہر کے وسط میں واقع علاقے نیوٹاوُن میں قائم سرکاری یوٹیلیٹی اسٹور پرہوئی تھی جس میں خریداروں سے زائد پیسے وصول کیے گئے تھے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خا ن نے اربوں روپے کی سبسڈی دے کر یوٹیلیٹی اسٹوروں کے ذریعے عوام کو عام استعمال کی اشیاء مناسب داموں پر فراہم کرنے کی سہولت فراہم کی ہے۔ دوسرے یوٹیلیٹی اسٹوروں کے انتظامیہ اور کارپوریشن کے بڑے عہدیداروں کی کرپشن کی وجہ سے عوام کو مذکورہ سہولت سے محروم کیا جارہا ہے اور اسٹوروں سے چینی ، گھی اور آٹا بڑے دکانداروں ، ہوٹل والوں ، مٹھائی کی دکان والوں کو کمیشن کے عوض فروخت کیا جارہا ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹور انتظامیہ کی سول سوسائٹی اور سماجی تنظیموں نے بھی شدید مذمت کی ہے اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن میرپور خاص ڈویژن کے عہدیداروں اور ذمے داروں کیخلاف بڑے پیمانے پر غیر جانبدار انکوائری کراکر ایسے عناصر کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔