کیوبا کی کمیونسٹ پارٹی کے سربراہ رول کاسترو مستعفی

232
کیوبا: رول کاسترو کیمونسٹ پارٹی کی صدارت سے سبکدوشی کا اعلان کرکے جارہے ہیں

ہوانا (انٹرنیشنل ڈیسک) کیوبا کی کمیونسٹ پارٹی کے رول کاسترو نے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق رول کاسترو نے آٹھویں کانگریس کے افتتاح کے موقع پر استعفے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے ملک، انقلاب اور سوشل ازم کے دفاع کے لیے تیار رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مستقبل اور مشن کی تکمیل کے حوالے سے پراعتماد ہوں۔ 89 سالہ راؤل کاسترو نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ملک کی باگ ڈور نوجوان نسل کو منتقل کی جائے۔ راؤل کاسترو کی طرف سے یہ باضابطہ اعلان ایک عرصے سے متوقع تھا، لیکن اس کے باوجود ملک کی تاریخ میں یہ تبدیلی ایک سنگ میل کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔ 60سالہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ہوگا کہ کیوبا میں سرکاری طور پر کاسترو خاندان کی حکومت نہیں ہو گی۔ اس عرصے میں امریکا میں 15صدور آئے اور چلے گئے۔ راؤل کاسترو کے متوقع جانشین 57 سالہ میگوئیل دیاز کانیل ہیں۔ انہیں 2018 ء میں کیوبا کا صدر منتخب کیا گیا تھا اور توقع ہے کہ اب انہیں کمیونسٹ پارٹی کا سربراہ بھی منتخب کر لیا جائے گا۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ رول کاسترو بظاہر سرکاری ذمے داریوں سے علاحدہ ہو رہے ہوں، لیکن ریاستی معاملات میں ان کا اثرو رسوخ برقرار رہے گا۔