برطانیہ بھر میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کیخلاف مظاہرے

196

لندن /سری نگر(صباح نیوز)حریت رہنما علی گیلانی کی اپیل پر کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کے خلاف برطانیہ بھر میں احتجاجی مظاہر ے کیے گئے جس میں عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کانوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کورونا کی حفاظتی تدبیر کو پیش نظر رکھتے ہوے پروگرامات چھوٹے پیمانے پر منعقد کیے گے ۔جمعہ کی نماز کے بعد برطانیہ کے تمام شہروں میں بھارت کے کشمیر میں مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے اور بھارت کو یہ پیغام بھیجا کہ وہ کشمیر پر بھارت کے ناجائز فوجی قبضہ کو تسلیم نہیں کرتے اور کشمیری اپنے پیدائشی حق ، حق خوداردیت سے دستبردار نہیں ہوں گے۔برمنگھم میں بھارتی قونصلیٹ کے باہر بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیااور بھارتی قونصلیٹ حکام نے مظاہرین کی پٹیشن لینے سے انکار کر دیا جس کے بعد مظاہرین نے بھارتی رویے کیخلاف بھی احتجاج کیا۔دوسری جانب مقبوضہ کشمیر بھارتی فوج کی جانب سے وادی کے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ضلع پلوامہ کے علاقے دار گنائی گنڈ میں فوج کی فائرنگ سے ایک خاتون زخمی ہو گئی جسے سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ سری نگر کے علاقے مہجور نگر سے ایک لاش برآمد ہوئی ہے ۔