بلدیاتی ملازمین کو تنخواہوں کی فوری ادائیگی کا مطالبہ

93

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کے مرکزی چیئرمین نے کہا ہے کہ 17 نومبر کے سندھ سیکرٹریٹ پر دھرنے کے بعد تحریری طور پر آن لائن ٹریژری کے ذریعے بلدیاتی ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے کیلیے 120 روز کا وقت دیا گیا تھا جو کہ 16 مارچ کو ختم ہوگیا ہے۔ ملازمین کو جلد تنخواہیں نہ ملیں تواحتجاج ہوگا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی ملازمین کے مساوی یکساں مراعات بلدیاتی ملازمین کو دینے کیلیے بھی کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ فوتگی کوٹے کے کیسز کو الجھاکر بھاری رشوت طلب کی جاتی ہے۔ بلدیاتی اداروں سے DPC کے ذریعے کیے جانے والے پروموشنز کو بھی واپس ان اداروں میں نہیں بھیجا جارہا ہے البتہ جو ملازم مک مکا کرے اس کا پروموشن کنفرم کرکے بھیج دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن سندھ گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کا حصہ ہونے کے باوجود 25 مئی سے قبل رمضان المبارک میں بھی سندھ سیکرٹریٹ میں واقع لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ پر دھرنا دینے کو تیار ہوسکتی ہے۔