میرپورخاص میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھادیا،ہری رام کشوری

91

کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر محکمہ خوراک و اقلیتی امور ہری رام کشوری لال سے میرپور خاص ڈویژن کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عمائدین شہر نے ملاقات کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک و اقلیتی امور نے کہا کہ پی ایس 47 میرپورخاص میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا ہے جس سے عوام بھرپور مستفید ہورہے ہیں۔  وزیراعظم کا سندھ کے لیے چار سو ارب روپے دینے کا اعلان صرف ایک اعلان ہے جو ہر بار پی ٹی آئی سرکار کرتی آئی ہے ۔رواں سال کے لیے گندم کی خریداری کے مراکز قائم کر دیے گئے ہیں جہاں سے باردانہ میرٹ کی بنیادوں پر دیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر خوراک کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ایک عوامی پارٹی ہے جو ہر فورم پر صرف عوام کے حقوق کی بات کرتی ہے۔ پی پی پی عوامی خدمت میں یقین رکھتی ہے جس کے لیے عملی طور پر متعدد اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ہری رام کشوری لال نے کہا کہ عوام کے وسیع تر مفاد میں پی ڈی ایم کو اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگی ایسا نہ ہوکہ دیر ہوجائے۔ وزیر اعظم کے حالیہ اعلان پر بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ کے لیے چار سو ارب روپے دینے کا اعلان صرف ایک اعلان ہے جو ہر بار پی ٹی آئی سرکار کرتی آئی ہے۔