رمضان میں بھی عوام پانی کو ترس رہے ہیں،حنید لاکھانی

112

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں بھی کراچی کے عوام پینے کے پانی کو ترس رہے ہیں،کے فور منصوبہ جلد مکمل ہونا چاہیے، سندھ حکومت وفاقی منصوبوں میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے، ہم ملکر چلنا چاہتے ہیں لیکن سندھ حکومت عوام کی خدمت کے نام سے دور بھاگتی ہے ، کراچی کو اگر صوبائی حکومت کے رحم و کرم پر چھوڑا تو یہ اسے نوچ نوچ کر کھا جائے گی، سندھ حکومت ساتھ دے یا نہ دے ہم اپنی ذمے داری پوری کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے حنید لاکھانی سکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا۔ حنید لاکھانی نے کہا کہ کے فور منصوبہ پہلے ہی مختلف وجوہات کی وجہ سے 13 سالوں سے زیر التوا ہے اور اس کی وجہ سے کراچی کی بڑی آبادی کو پانی جیسی اہم ترین بنیادی ضرورت کے حصول کے لیے پریشانی کا سامنا ہے جبکہ اس پر لاگت کا تخمینہ بھی 15ارب سے بڑھ کر 75ارب تک بڑھ چکا ہے، پاکستان تحریک انصاف نے تو اس منصوبے کا ذمہ اب لیا ہے جو لوگ تین دہائیوں سے صوبے میں حکومت کر رہے ہیں، انہوں نے اس منصوبے پر کیا کیاہے؟ انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہر ی زیر زمین پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں جو نمکین اور کھاراہے، کراچی کو اس وقت ایک ارب دس کروڑ گیلن یومیہ پانی کی ضرورت ہے مگر فی الوقت ضرورت کا صرف 45فیصد پانی ہی شہریوں کو مل پاتا ہے۔