حلیم عادل شیخ اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد

293

کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت نے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ و دیگر  کے خلاف مقدمہ میں حلیم عادل شیخ اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ و دیگر  کے خلاف مقدمہ کی سماعت ہوئی۔ ،دوران سماعت ملزمان کو فرد جرم پڑھ کر سنائی گئی۔

 عدالت کے استفسار پر ملزمان کی جانب سے صحت جرم سے انکار کردیا گیا، ملزمان کا کہنا تھا کہ ہمارے اوپر جھوٹا مقدمہ بنایا گیا،ہمارے فارم ہاؤس پر کاروائیاں کی گئی، سیاسی مخالفت کی وجہ سے کاروائی اور مقدمہ کیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان پر سپر ہائی وے کو بلاک کرنے اور ہنگامہ آرائی کے الزامات ہیں، ملزمان میں سمیر میر شیخ،امجد، حسیب، محمد رمضان اور دیگر شامل ہیں، ملزمان نے سپر ہائے وے کو بلاک کیا اور ہنگامہ آرائی کی، پولیس کے پہنچنے پر ملزمان فرار ہوگئے، واقعہ کا مقدمہ گڈاپ تھانے میں درج کیا گیا تھا۔

بعد ازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرلیا، عدالت نے سماعت 17 اپریل تک کے لیے ملتوی کردی۔