میرے خلاف چینی کی قیمت بڑھانے کا الزام نہیں: جہانگیر ترین

309

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین کا کہنا ہے کہ میرے خلاف مقدمات میں چینی کی قیمت بڑھانے کا الزام موجود نہیں، میرے خلاف فرضی کہانی بنا کر ساکھ کو متاثر کیا گیا۔

بینکنگ کورٹ لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ سوا سال سے وزیراعظم ہاؤس نہیں گیا، نہیں معلوم میرے خلاف ایسا کچھ کون کر رہا ہے۔ میرے خلا ف بے بنیاد الزامات لگاکر ساکھ متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

جہانگیرترین نے کہا کہ پہلے کاشت کار تھا، پھر بزنس مین بنا اور پھر سیاست میں قدم رکھا۔میں انکم ٹیکس دیتا ہوں۔ مالی معاملات میں شفاف ہوں۔ میرے خلاف 3 مقدمات  ہیں ان میں شوگر مل کا ذکر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر درج میں فرضی کہانی بنائی گئی ہے۔ 8 سے 10 پرانے معاملات کی آیف آئی آر درج کی گئیں۔ تینوں ایف آئی آرز میں چینی کی قیمت بڑھنے کا کوئی ذکرنہیں۔اگر انصاف ہوتا تو مجھ پر ایف آئی آر نہ بنتی۔ میرےخلاف چینی کی قیمت بڑھانے کا کوئی الزام نہیں۔

جہانگیرترین کے ہمراہ موجود راجا ریاض نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب اس بات کو آگے نہ بڑھائیں۔ اگرہمیں انصاف نہ ملاتو اگلا لائحہ عمل دیں گے۔

راجا ریاض نے کہا کہ ابھی ہم پی ٹی آئی کی چھتری تلے عمران خان سے انصاف مانگ رہے ہیں۔ آخری بار انصاف مانگ رہے ہیں۔ اگر نہ ملا تو اپنا فیصلہ کرنے پر مجبور ہوں گے۔

اس سے قبل جہانگیر ترین اپنے بیٹے علی ترین کے ہمراہ بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے۔ جہانگیر ترین کے ہمراہ 6 ایم این اے اور 20 سے زائد ایم پی اے بھی عدالت پہنچے۔

لاہور کی بینکنگ عدالت نے جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کر دی۔

جہانگیرترین کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ 14 اپریل کو ایف آئی اے نےنوٹس بھیجا اور تمام ریکارڈ مانگا۔ اتنی جلدی تمام ریکارڈ دینا ممکن نہیں۔

وکیل نے کہا کہ 19 اپریل کو مزید وضاحت کے لیے ایف آئی اے میں پیش ہوں گے۔