روس نے امریکی پابندیوں کا جواب دینے کی ٹھان لی

336

روس نے امریکا کی جانب سے لگائی گئیں پابندیوں کا جواب دینے کی ٹھان لی ہے۔ روس  کا کہنا ہے کہ امریکا کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اس حوالے سے کہا ہے کہ روس 10 امریکی سفارت کاروں کو ملک سے بے دخل کرے گا۔ روس کئی امریکی حکام پر سفری پابندیاں بھی عائد کرے گا۔

روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ اندرونی معاملات میں مداخلت پر امریکی فنڈز اور این جی اوز کی سرگرمیاں بھی ختم کی جائیں گی۔

گزشتہ روز امریکی انتخابات 2020 میں مبینہ مداخلت پر امریکا نے روس پر پابندیاں عائد کرتے ہوئے روس کے 10 سفیروں کو ملک بدر کردیا تھا۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے روس پر پابندیوں کا ایگزیکٹیو آرڈر جاری کیا تھا۔ ایگزیکٹیو آرڈر کے مطابق امریکی بینکوں کی جانب سے روسی بانڈز کی ٹریڈنگ پر پابندی ہوگی۔

ایگزیکٹیو آرڈر کے مطابق امریکی بینک روس کے سینٹرل بینک اور وزارت خزانہ سے بونڈ نہیں خریدسکیں گے۔

امریکا نے ملک میں تعینات 10 روسی سفیروں کو ملک بدر اور 32 روسی افراد پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے رواں ہفتے روسی صدر کو ملاقات کی پیش کش کی تھی۔

روسی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ امریکی پابندیوں سے ملاقات کی راہ ہموار نہیں ہوسکتی۔ امریکی اقدامات کا ترکی بہ ترکی جواب دینا ناگزیر ہے۔