رمضان المبارک میں صدقات کی کثرت ہوجاتی ہے، مولانا عمران عطاری

178

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطاری نے کہا کہ ماہ رمضان دلوں کو نرم کرتا ہے اس میں صدقات کی کثرت ہوجاتی ہے، رمضان المبارک میں دینے کا رحجان بڑھ جاتا ہے،یادرکھیں اللہ کی راہ میں جتنا دیں گے بڑھے گا،اگر ہم کسی پر احسان کرتے ہیں تویہ اچھی بات مگر احسان جتانا یہ برا عمل ہے اس طرح لوگ اپنے ثواب کوضائع کردیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کی کوشش ہے کہ جس پر احسان کیا ہے وہ ان کے احسان تلے دبا رہے،وہ احسان مانتا رہے، تائید کرتا رہے، ایسی خواہشات لوگ دلوں میں رکھتے ہیں، اگر کسی کی آپ نے مدد کردی، اس کی مشکل آسان کردی تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ اس پر احسان کریں یا اس سے بدلے کی امید رکھیں۔انہوں نے کہا کہ جس پر آپ نے احسان کیا اگر اس نے کوئی نامناسب بات کردی یا احسان فرموشی کردی تو آپ کو احسان نہیں جتانا چاہیے، احسان جتانے سے پہلے غور کرلیں کہ آپ نے اس کے ساتھ نیکی کیوں کی تھی اللہ کی رضا کے لیے یا احسان جتانے اوراسے اپنا غلام بنانے کے لیے احسان کرنا چاہیے مگر یہ کیا کہ اسے جتا کر ختم کردیا جائے۔