منافع خوروں نے اشیاء خورونوش کے نرخوں میں بے پناہ اضافہ کردیا

283

دادو (نمائندہ جسارت) دادو میں بھی رمضان مبارک شروع ہوتے ہی مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا، ضلع بھر میں منافع خوروں نے اشیاء خورونوش کے نرخوں میں بے پناہ اضافہ کردیا، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا، غریب روزہ دار کی خریداری امتحان بن گئی، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سستے بازار بھی نہیں لگائے جاسکے۔ ماہ رمضان مبارک شروع ہوتے ہی دادو ضلع کی چھوٹی بڑی مارکیٹوں میں گوشت، سبزی، فروٹ، دالیں، چاول، آٹے، گھی سمیت دیگر اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں منافع خور تاجروں نے بے پناہ اضافہ کردیا ہے۔ مرغی کا گوشت رمضان مبارک آتے ہی ساڑھے چار سو روپے جبکہ آلو 20 سے بڑھ 50 روپے ، دیگر سبزیوں میں 20 سے 50 روپے کے اضافے کے ساتھ فروٹ کے ریٹس میں بے پناہ اضافہ کردیا، جبکہ ہوٹل مالکان نے بھی مرغی کڑھائی ایک پاؤ 250 سے بڑھا کر 3 سو روپے کردی ہے، تاہم ضلع بھر میں گراں فروشی عروج پر پہنچنے کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ غریب روزہ داروں کی خریداری سب سے بڑا امتحان بن چکی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر پر گراں فروشوں کا قبضہ ہے، انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، رمضان کے مبارک مہینے میں اچانک مہنگائی کا طوفان برپا ہونا انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گرانفروشوں کیخلاف کارروائی کرکے عوام کو ریلیف فرام کیا جائے جبکہ مارکیٹس میں موجود دکانداروں کا کہنا تھا کہ تاجر ریٹ زیادہ لیتے ہیں، اس وجہ سے مہنگے داموں چیزیں فروخت کررہے ہیں۔ انتظامیہ گراں فروشی کے مین کرداروں کو گرفت میں لانے کے بجائے ہم پر بھاری جرمانے عائد کررہی ہے۔