جیکب آباد،گیس لائن کی تنصیب کا کام تین سال سے التوا کا شکار

153

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد کے متعدد شہری علاقے گیس کی سہولت سے محروم، نئی گیس کی پائپ لائن کی تنصیب کا کام تین سال میں مکمل نہ ہوا، شہری جدید دور میں بھی سوئی سدرن گیس حکام کی غفلت سے بنیادی سہولت سے محروم، بالا حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ جیکب آباد شہر کے متعدد علاقے اس جدید دور میں بھی گیس کی سہولت سے پانچ سال سے محروم ہیں۔ نائب محلہ، اے ڈی سی کالونی، پھول باغ، فیملی لائن، ڈنگر محلہ سمیت دیگر علاقوں میں نئی گیس پائپ لائن کی تنصیب کا کام تین سال سے مکمل نہیں ہو پایا، ٹھیکیدار اور سوئی سدرن گیس کمپنی حکام کی لاپروائی سے شہری سوئی گیس کی سہولت سے محروم ہیں اور ایل پی جی سلنڈر استعمال کرنے پر مجبور ہیں، متاثرہ علاقوں کے مکینوں، غلام مرتضیٰ، ہارون کلوڑ، محمد رضا، اعجاز علی، بہادر، مجید اور دیگر نے سوئی گیس حکام اور ٹھیکیدار کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ سوئی گیس حکام کو کئی بار شکایات کیں لیکن کوئی توجہ نہیں دی گئی، گیس پائپ لائن کا کام مکمل نہیں کیا، جان بوجھ کر تاخیری حربے اختیار کیے جارہے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں گیس حکام کی ملی بھگت سے بااثر افراد کو دور دراز سے گیس کی خصوصی لائن دی گئی ہے، جبکہ عام شہریوں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ بھاری رشوت کے عوض سوئی گیس حکام نے غیر قانونی طریقے سے گیس کے کنکشن دیے ہیں۔ سوئی گیس عملہ خود گیس چوری میں ملوث ہے۔ وزیر آئل اینڈ گیس، ایم ڈی سوئی سدرن گیس کمپنی نوٹس لے کر گیس چوری میں ملوث عملے کیخلاف کارروائی کریں اور گیس سے محروم علاقوں میں جلد گیس کی فراہمی شروع کی جائے۔