روہڑی میں رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری

368

سکھر (نمائندہ جسارت) روہڑی میں رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری، انتظامیہ ایک روز کارروائی کے بعد خاموش، سماجی، مذہبی جماعتوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ کمشنر ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لیکر رمضان المبارک احترام کروانے کا مطالبہ۔ روہڑی میں احترام رمضان آرڈیننس پر عملدرآمد کے احکامات کو ہوا میں اڑاتے ہوئے روہڑی کے علاقوں محکمہ ریونیو دفتر سے چند قدم کے فاصلے بیڑی چوک، بس اسٹینڈ، شاہی بازار، مسان روڈ، کندھرا ناکہ، علیواہن، پیارے واہ اروڑ انٹر چینج ودیگر علاقوں میں سر عام ہوٹل کھلے ہیں، جہاں روزہ خور دوگنے ریٹ پر کھانا کھا رہے ہیں، جنہیں روکنے والا کوئی نہیں ایک روز قبل انتظامیہ نے ہوٹلوں کی خلاف کارروائی شروع کی تو اکثر ہوٹل مالکان چھاپے سے قبل ہوٹل بند کرکے فرار ہوگئے۔ رمضان آرڈیننس کی جاری خلاف ورزی پر سیاسی، سماجی، مذہبی، تنظیموں کے عہدیداران میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے کمشنر، ڈپٹی کمشنر سکھر سے مطالبہ کیا ہے کہ کھلے ہوٹل مالکان کیخلاف کارروائی کرکے احترام رمضان آرڈیننس بحال کیا جائے۔