سرکاری نرخ نامے کو دکانوں اور ٹھیلوں پر آویزاں کریں، آصف خاصخیلی

170

جھڈو (نمائندہ جسارت) اسسٹنٹ کمشنر جھڈو آصف علی خاصخیلی اور مختارکار علی نواز سموں نے جھڈو کے مختلف بازاروں اور مارکیٹوں کا دورہ کیا، اس دوران سبزیوں، پھلوں، گوشت اور مختلف دکانوں پر جاکر مقررہ سرکاری نرخوں پر اشیائے خورونوش کی فروخت اور احترام رمضان آ رڈیننس پر عملدرآمد کا جائزہ لیا اور دکانداروں کو ہدایت کی کہ سرکاری ریٹ لسٹوں کو دکانوں اور ٹھیلوں پر نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں اور کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر اور مختارکار جھڈو کا کہنا تھا کہ شہر کی تمام مارکیٹوں اور بازاروں میں دکانداروں کو مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے روزانہ کی بنیادوں پر ریٹ لسٹیں مہیا کی جارہی ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے گزارش کی کہ ریٹ لسٹ میں درج نرخوں سے زائد قیمتوں پر جو دکاندار اشیائے خورونوش فروخت کرے تو فوری طور پر اس سلسلے میں تعلقہ انتظامیہ کو اطلاع دی جائے۔ انتظامیہ گراں فروشی اور ناجائز منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی کرے گی، عوام بھی دکانداروں سے سرکاری ریٹ لسٹ سے زائد نرخ پر اشیائے نہ خریدیں اور گراں فروشی میں ملوث دکانداروں کی شکایت فوری طور پر انتظامیہ کو کی جائے۔