امریکا میں فائرنگ کا ہولناک واقعہ ، 8 افراد ہلاک

582
انڈیاناپولس: فائرنگ کے ہلاکت خیز واقعے کے بعد کوریئر کمپنی کی عمارت کو سیل کردیا گیا ہے‘ سیکورٹی اہل کار جائے وقوع پر موجود ہیں‘ مقامی پولیس سربراہ تفصیلات بتا رہی ہے‘ ملازمین کے اہل خانہ پریشان ہیں

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک)امریکا کی ریاست انڈیانا کے شہر انڈیانا پولس میں ایک کوریئر کمپنی فیڈ ایکس کے احاطے میں فائرنگ سے 8 افراد ہلاک ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ مسلح شخص نے فائرنگ کے بعد خود کشی کر لی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق جمعہ کی صبح مقامی پولیس ترجمان جینی کک نے بتایا کہ پولیس جب جائے وقوع پر پہنچی تو کوریئر کمپنی کے احاطے میں فائرنگ جاری تھی۔ ترجمان نے بتایا کہ کم از کم 4افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے ایک شخص شدید زخمی ہے۔ 2 افراد کو جائے وقوع پر طبی امداد فراہم کرکے روانہ کر دیا گیا۔ جب کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کا کوئی فرد زخمی نہیں ہوا ہے۔ پولیس کی ترجمان کا کہنا ہے کہ مسلح شخص کی شناخت نہیں ہو سکی ہے اور تفتیش کار اس حوالے سے معلومات جمع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ مسلح شخص کوریئر کمپنی کا ملازم تھا یا نہیں۔ کوریئر کمپنی نے جمعہ کے روز ایک بیان میں کہا کہ وہ حکام کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں اور مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی انتظامیہ انڈیانا پولس ائر پورٹ کے نزدیک فیڈ ایکس گراؤنڈ فسیلیٹی میں ہونے والے فائرنگ کے افسوس ناک واقعے سے آگاہ ہے۔ انتظامیہ کی اولین ترجیح سیکورٹی ہے۔ جائے وقوع پر موجود ایک عینی شاہد جیریمیا ملر نے بتایا کہ اس نے ایک شخص کو سب میشن گن سے فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا تھا۔ امریکا میں 2020ء کے دوران جہاں ایک جانب کورونا وبا عروج پر تھی وہیں فائرنگ کے بڑے واقعات میں کمی دیکھی گئی، تاہم رواں سال کے دوران کئی واقعات سامنے آچکے ہیں۔ صرف انڈیانا پولس ہی میں یہ شوٹنگ کا تیسر بڑا واقعہ ہے۔ اس سے قبل مارچ میں ایک شخص نے گھریلو جھگڑے کے بعد 3 بالغ افراد اور ایک بچے کو قتل کردیا تھا۔