کامیابی کے بعد بلدیہ میں پانی کامسئلہ حل کروںگا‘مفتاح اسماعیل

110

کراچی(اسٹاف رپورٹر)میاں محمد نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں کراچی کے پانی کے مسئلہ کو حل کرنے کے لیے اپنے حصے کی 12 ارب 50 کروڑ کی رقم سندھ حکومت کودی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما اور NA-249 کے امیدوار ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے بلدیہ ٹاؤن کے علاقہ، بجلی نگر، یونین کونسل نمبر 23 میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پانی زندگی کی سب سے بنیادی ضرورت ہے لیکن افسوس کہ بلدیہ ٹائون کے عوام کو اس بنیادی ضرورت سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں رہنے والے اوسطاً 5 ہزار روپے مہینہ صرف پانی کی خریداری پر خرچ کرتے ہیں جو سراسر ظلم اور نا انصافی ہے۔ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ میں کامیابی کے حصول کے بعد ان شاء اللہ تعالیٰ آپ کے علاقے میں ہر قیمت پر پانی کی فراہمی کو ممکن بنائوں گا۔ انہوں نے کہا کہ 29 اپریل کراچی کے وسائل لوٹنے والوں کا یومِ احتساب کا دن ہوگا۔