روزہ اورقرآن مسلمان کی شفاعت کریںگے، معراج الہدیٰ

244

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)رمضان گزارنے کا اصل طریقہ یہ ہے کہ اس رمضان کو اپنی زندگی کا آخری رمضان سمجھا جائے ۔روزہ بندے کو اپنے رب سے قریب کردیتا ہے ۔روزہ دار جنت میں ریان دروازے کے ذریعے داخل ہوگا ۔رمضان محبت اور غم خواری کا مہینہ ہے ۔اپنے ماں باپ عزیز واقارب سے معافی مانگی جائے اور قرآن سے تعلق کو مضبوط بنایا جائے ۔یہ بات جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے مسجد قریشاں لانڈھی چراغ ہوٹل میں خطبہ جمعہ میں کہی ۔ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ روزہ اللہ کے لئے ہے اور اللہ ہی اس کا بہتر اجر دینے والا ہے۔رمضان میں بندہ مومن کا رزق بڑھا دیا جاتا ہے ۔جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں ۔رمضان بخشش کا موقع فراہم کرتا ہے ۔ایک نفل کا اجر ایک فرض اور ایک فرض کا اجر ستر فرائض کے برابر دیا جاتا ہے ۔اللہ تعالی کو روزے دار کے منہ کی بو مشک سے بھی زیادہ پسند ہے ۔روزہ دار جب افطار کرتا ہے تو اپنے رب سے ملاقات کرتا ہے اور فرشتے روزے دار کی ہر دعا پر آمین کہتے ہیں ۔روزہ اور قرآن آخرت میں بندے کی شفاعت کریںگے ۔رمضان قرآن کا مہینہ ہے قرآن سے تعلق کو مضبوط بنایا جائے۔