ملازمین کی اپنے شعبوں میں ترقی ان کا حق ہے‘ایڈمنسٹریٹر

132

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ کے ایم سی ملازمین کی اپنے شعبوں میں ترقی ان کا حق ہے لیکن اس کے لیے شفاف اور قانونی طریقہ کار اپنانا ہے، محکمہ ایچ آر ایم جلد از جلد تمام ملازمین کی سینیارٹی لسٹ اور ریکروٹمنٹ رولز تیار کرے تاکہ ملازمین کی تقرری اور ترقی کے معاملات کو قواعد و ضوابط کے مطابق لایا جاسکے، یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں ڈپارٹمینٹل پروموشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر کمیٹی کے ممبران میٹروپولیٹن کمشنر افضل زیدی، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن خالد خان، سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم اصغر درانی، سینئر ڈائریکٹر اسپورٹس کلچر اینڈ ریکریشن منصور قاضی، ڈی پی سی کمیٹی کے سیکرٹری ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد علی اور ڈائریکٹر ظفر راجپوت بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی میں سروس اسٹرکچر موجود نہیں اور نہ ہی افسران و ملازمین کی مکمل سینیارٹی لسٹ تیار کی گئی ہے، یہی وجہ ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ایک طویل عرصے سے صلاحیت و قابلیت کی بنیاد پر افسران و ملازمین کی ترقیوں کا عمل رکا ہوا ہے ،بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران و ملازمین کی کانفیڈنشل رپورٹ (اے سی آر )ہر سال تیار ہونی چاہیے ،ملازمت میں آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کا حق ہر ملازم کو حاصل ہے، ترقی کے لیے تمام قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ عمل جاری رہنا چاہئے، ملازمین کو ان کا حق بروقت ملے گا تو ان کی کارکردگی بہتر ہوگی جس کا فائدہ ادارے کو پہنچتا ہے۔