وزیرداخلہ نے ملک میں سوشل میڈیا کی بندش پر معافی مانگ لی

241
سیاسی دنگل میں اپوزیشن کو شکست ہوگی، شیخ رشید

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیرداخلہ شیخ رشید نے ملک بھر میں سوشل میڈیا بند کرنے پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ ملک میں دہشت وانتشار اور سوشل میڈیا کے ذریعے بے چینی پھیلانے والوں کو شکست ہوئی۔اپنے ویڈیو بیان میں وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں معذرت خواہ ہوں کہ ہم نے ملک بھر میں 3 گھنٹے کے لیے فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام سمیت سوشل میڈیا بند کیا کیوں کہ ان کی کال ایسی تھی کہ شاید یہ جمعہ کی نماز کے بعد سڑکوں پر نکلیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ ہم آئندہ سوشل میڈیا بند نہیں کریں گے، آج سوشل میڈیا بند کرنے سے پورے ملک میں جمعہ پرسکون گزرا، تحریک لبیک والے پاکستان کے کسی کونے سے بھی باہر نہیں نکلے، میں پاکستان کی پولیس اور رینجرز سمیت پنجاب اور کراچی کی انتظامیہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔وزیرداخلہ نے کہا کہ آج ملک میں دہشت وانتشار اور سوشل میڈیا کے ذریعے ملک میں بے چینی پھیلانے والوں کو شکست ہوگئی، آگے سے کوشش کریں گے کہ سوشل میڈیا کی بھی تکلیف نہ ہو ۔شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے تحریک لبیک کی جماعت کو کالعدم قرار دے دیا ہے، ان کے بینک اکاؤنٹس بھی بند کریں گے اور ان کے پاسپورٹ اور آئی ڈی کارڈ ریکارڈ میں لائیں گے، کسی صورت بھی ملک میں دہشت گردی کی اجازت نہیں دیں گے۔واضح رہے حکومت نے 11 سے 3 بجے تک ملک میں سوشل میڈیا پر عارضی پابندی لگائی تھی اور اس حوالے سے پی ٹی اے کو سوشل میڈیا سائٹس بند کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔علاوہ ازیںوفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کسی جتھے کو ریاست کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ پولیس اور رینجرز کے افسروں اور جوانوں نے کالعدم تنظیم کے کارکنوں کی متشددانہ کاروائیوں کا تحمل سے مقابلہ کیا ۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرزہسپتال راولپنڈی میںکالعدم تحریک لبیک پاکستان کے کارکنوں کے تشدد سے زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں اور رینجرز کے جوانوں کی عیادت کے دوران کیا ۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے رینجرز کے جوانوں اور پولیس اہلکاروں کو شاباش دی اور پیشہ وارانہ امور پر زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امن و امان کے حوالے سے بہت زبردست کام کیا۔ امن و امان بحال رکھنے پر پولیس اور رینجرز کے افسروں اور جوانوں نے بہت ہمت اور بہادری دکھائی۔