امریکی ریاست انڈیانا میں فائرنگ، 8 افراد ہلاک متعدد زخمی

347

واشنگٹن: امریکی ریاست انڈیانا میں فائرنگ سے 8 افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہو گئے، فائرنگ ائیرپورٹ کے قریب عمارت میں کی گئی ہے جس کے بعد علاقے کومکمل سیل کردیا گیا ہے۔

 بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست انڈیانا کے شہر انڈیاناپولس میں ایئر پورٹ کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں8 افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

انڈیان پولس میٹرو پولیٹن محکمہ کے آفیسر جینی کک کے مطابق پولیس کو مقامی وقت رات 11 بجے کے لگ بھگ کال موصول ہوئی اور پولیس نے فوری ایکشن لیا۔

عینی شاہدین کے مطابق ایک اسلحہ بردارشخص نے باہر کھڑی کار پر بھی فائرنگ کی جس سے کار میں سوار لڑکی زخمی ہوگئی جبکہ جس عمارت میں فائرنگ کی گئی اس میں 4 ہزار سے زائد افراد ملازمت کرتے ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق اسلحہ بردارشخص اندھا دھند فائرنگ کر رہا تھا جس کے نتیجے میں  متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا میں نشر ہونے والی تصاویر سے معلوم ہوتاہےکہ پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر موجود ہے اور علاقے کو سیل کر دیا گیا  جبکہ پولیس افسر کا کہنا ہے  کہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں اور جانی نقصان کا بھی بے حد خدشہ ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کرنے والوں کے متعلق فی الحال زیادہ معلومات نہیں ہیں تاہم فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں۔

انڈیاناپولس میٹرو پولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کی ترجمان نے بتایاہےکہ واقعے کے فوری بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو وہاں کئی زخمی موجود تھے انہیں زخمیوں میں مبینہ حملہ آور بھی موجود تھا، جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ حملہ آور کی لاش کو قبضے میں لیکر تفتیش شروع کردی گئی ہے، تاہم حملہ آور کی شناخت سے متعلق ابھی تک تفصیلات جاری نہیں کی گئیں ہے۔

دوسری جانب فیڈیکس کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سانحہ سے مکمل طور پر باخبر ہیں، لوگوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے تاہم جو لوگ فائرنگ سے متاثر ہوئے ہماری ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں، واقعہ سے متعلق تحقیقاتی حکام سے مکمل تعاون کیا جارہا ہے۔

یاد رہےکہ مارچ میں امریکی ریاستوں میں فائرنگ کے چار واقعات رونما ہوئے تھے، اٹھائیس مارچ کو ورجینیا میں فائرنگ سے دو افراد ہلاک جبکہ آٹھ زخمی ہوئے، اس سے قبل بائیس مارچ اور سولہ مارچ کو کولوراڈو اور جیارجیا میں بھی فائرنگ کے دو واقعات رونما ہوئے تھے، جس کے نتیجے میں 18 افراد کو اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔