ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ

300

اسلام آباد: ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 18.89 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح 0.54 فیصد بڑھی جس کے بعد ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 18.89 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران آٹا، چینی، دالیں، گھی، ٹماٹر، چکن سمیت 22 اشیا مہنگی ہوئیں جبکہ 7 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 22 میں استحکام رہا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 26 روپے 9 پیسے مہنگا ہوا جس کے بعد 20 کلو آٹے کا تھیلا 988 روپے سے زائد کا ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 6 روپے 16 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ایک ہفتے میں کیلے 16 روپے درجن، آلو 3 روپے 17 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے۔ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بیف 5 روپے فی کلو اور مٹن 7 روپے 28 پیسے فی کلو مہنگا ہوا جبکہ ایک ہفتے میں چاول، زندہ مرغی اور گھی بھی مہنگا ہوا۔