شوکت ترین کو وزیر خزانہ بنانے کا فیصلہ، حماد اظہر وزیر توانائی مقرر

301

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں ردوبدل کرتے ہوئے شوکت ترین کو وفاقی وزیر خزانہ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے حماد اظہر سے وفاقی وزیر خزانہ کا قلمدان لے کر شوکت ترین کو وزیر خزانہ کی ذمہ داری دینے کا فیصلہ کرلیا جب کہ حماد اظہر وزیر توانائی بنا دیا۔

عمر ایوب سے وزیر توانائی کا قلمدان لے کر انہیں وزیر برائے اقتصادی امور بنا دیا گیا۔ خسرو مختار کو صنعت و پیداوار کا چارج دے دیا گیا۔

فواد چوہدری سے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی ذمہ داریاں لے کر انہیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات بنا دیا گیا۔ جب کہ شبلی فراز کو وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی ذمہ داری سونپ دی گئی۔

خیال رہے کہ شوکت ترین نے حکومت کی معاشی ٹیم کا حصہ بنائے جانے کی خبروں پر وضاحت کی تھی کہ نیب کیسز ختم ہونے تک حکومت کی معاشی ٹیم کا حصہ نہیں بن سکتا۔ اس سے قبل بھی انہیں حکومت میں شامل ہونے کی پیش کش کی گئی تھی، تب بھی انہوں نے واضح کیا تھا کہ نیب کیسز کے خاتمے تک وہ حکومتی ٹیم کا حصہ نہیں بن سکتے۔