بجلی کی بندش نے روزے داروں کا برا حال کردیا ہے،عقیل احمد خان

118

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے حیسکو کے رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں لوڈشیڈنگ کی کمی اور سحری و افطار کے دوران میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے دعوے جھوٹے ثابت ہوئے۔شہر میں حالیہ گرمی کی لہر اس پر بجلی بندش کا عذاب سے ہر شہری ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔بد قسمتی سے حیدرآباد کے عوام کے ہر سطح پر حقوق غصب کیے جارہے ہیں بجلی بلوں کی عدم ادائیگی پر عوام سزا کے مستحق قرار پاتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ماہ مقدس میں گیس کی عدم فراہمی کے باعث خواتین کو سحرو افطارکی تیاری میں شدید مشکلات کا سامنا ہے،مہنگائی کے باعث پہلے ہی غریب لوگوں کا برا حال ہے اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث ہوٹلوں سے کھانے کی اشیاءمہنگے داموں خریدنے کی سکت عوام میں نہیں ہے لیکن شہری ہوٹلو ں سے کھانا لینے پر مجبور ہیں۔انہوںنے مزید کہا بنیادی ضروریات زندگی عوام کی پہنچ میں ہونی چاہیے لیکن حکومتیں سب سے زیادہ نشانہ اشیائے ضروریہ کوبناتی ہیں ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ماہ رمضان میں بجلی و گیس کی بندش کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث افسران کیخلاف سخت کارروائی کرے۔