رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی تصدیق کی ملک گیر مہم کا آغاز

173

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) حکومت پاکستان نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے تعاون سے 14لاکھ سے زاید رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کی تصدیق کی ملک گیر مہم کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت افغان مہاجرین کو نئے اسمارٹ کارڈ جاری کیے جائیں گے۔ وفاقی وزیر سفیران صاحبزادہ محبوب سلطان نے افغان مہاجرین کی شناختی دستاویزات اور معلومات کی تصدیق کی مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین کے
نمائندے نوریکو یوشیدا اور افغان مہاجرین کے لیے چیف کمشنر سلیم خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 6 ماہ کی اس مہم کے دوران ان افغان مہاجرین جو مصدقہ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (پی او آر) کے حامل ہیں، کوا سمارٹ کارڈ جاری کیے جائیں گے۔ یو این ایچ سی آر کے نمائند ہ نوریکو یوشیدا نے مہم کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس مہم کے ذریعے ہر ایک تک پہنچا جائے گا جس سے افغان مہاجرین کو تیز رفتار محفوظ اور بہتر رسائی کی خدمات بشمول تعلیمی اداروں ،اہسپتالوں اور بینکوں تک رسائی میسر آئے گی۔