اسلام آباد: سبزیوں ، پھلوں اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

106

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سبزیوں ، پھلوں اور دیگر اشیائے خورونوش کی ہوشربا قیمتوں نے شہریوں کوبے حال کر دیا۔مارکیٹوں میں دکانداروں نے قیمتیں دگنی بڑھا دیں جب کہ انتظامیہ منافع خوروں کے سامنے مکمل طور پر بے بس ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک آتے ہی منافع خوروں کا راج
شروع ہو گیا، مارکیٹ میں ہر دکاندار نے اپنی مرضی کے ریٹ لگا لیے۔ دکانداروں کی من مانیوں کا اندازہ اس بات سے لگا یا جا سکتا ہے کہ اسلام آباد کے سستے بازار میں کیلا فی درجن 150روپے ہے، وہی کیلا آبپارہ مارکیٹ میں مختلف دکانوں پر 280اور 300روپے فی درجن فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح دیگر اشیائے خور و نوش، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں بھی دگنی سے زیادہ ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ منافع خوروں نے مقدس مہینے میں زندگی اجیرن کر رکھی ہے اور انتظامیہ غفلت کی نیند سو رہی ہے ۔ شہر کی انتظامیہ مارکیٹوں میں پرائس لسٹ پر عملدرآمد کرانے میں ناکام ہے۔ شہریوں نے اپیل کی حکومت براہ راست قیمتوں کو مانیٹر کر کے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔