آزاد کشمیر میں آن لائن کاروبار کے وسیع مواقع ہیں‘ صدر سردار مسعود خان

227

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کرنے اور ان کی آمدن بڑھانے کے لیے آن لائن کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن سے استفادہ کر کے ریاست کے سرکاری شعبے میں قائم جامعات سے ہر سال فارغ التحصیل ہونے والے ہزاروں طلبہ کو
روزگار کے با عزت مواقع مل سکتے ہیں۔ اسلام آباد میں آزاد جموں و کشمیر بورڈ آف انویسٹمنٹ اور ایکسٹریم کامرس کے مابین مفاہمت کی ایک یاداشت پر دستخط کی تقریب کی صدارت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد جموں و کشمیر بورڈ آف انویسٹمنٹ کے چیئرمین نوید صادق کو مبارکباد پیش کی جن کی کوششوں سے ایکسٹریم کامرس بورڈ آف انوسٹمنٹ اور ٹویوٹا کے تعاون سے آزاد کشمیر کے ہزاروں نوجوانوں کو انٹرنیٹ بیسڈ ای کامرس کی تربیت دے گی جس سے ذہین، محنتی اور باصلاحیت نوجوان گھر بیٹھے اپنا آن لائن کاروبار شروع کر کے اپنی اور اپنے خاندان کی آمدن میں اضافہ کرنے کے ساتھ بے روز گاری کے خاتمہ کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔