راولپنڈی: تاجروں نے کاروباری اوقات بڑھانے کا مطالبہ کردیا

97

راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر محمد ناصر مرزا نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک کے پیش نظر کاروباری اوقات میں توسیع کی جائے۔ حکومت سے اپیل ہے کہ ماہ رمضان کے دوران شام 6 بجے تک معمول کے کاروبار بند کرنے کے بارے میں نوٹیفکیشن پر نظر ثانی کی جائے۔صدر چیمبر ناصر مرزا نے ایک بیان میں کہا کہ رمضان المبارک وہ مہینہ ہے جس نے عید شاپنگ کی وجہ سے کاروبار کے حجم میں اضافہ ہو جاتا ہے لیکن
کاروباری مراکز کے لیے اوقات کار کم کرنے سے کاروباری سرگرمیوں پر منفی اثر پڑے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وبا کی وجہ سے کاروباری برادری پہلے ہی مشکلات سے دوچار ہے۔ ہفتے میں 2 دن کاروبار بند رکھنے اور کاروباری اوقات کم کرنے سے ان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خریداری کے اوقات کار کم کرنے سے بازاروں میں مزید رش پیدا ہوگا جس کی وجہ سے کرونا کیسز میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ماہ رمضان میں کاروباری اوقات 11 بجے تک بڑھا دیے جائیں۔ چیمبر آف کامرس اور انجمن تاجران کے نمائندوں کے ساتھ مشاورت کے بعد اور اعتماد میں لے کر کاروباری اوقات طے کیے جائیں۔ راولپنڈی چیمبر نے حکومت سے ہمیشہ زور دیا ہے کہ اسٹیک ہولڈرزکے ساتھ مل بیٹھ پالیسی بنائی جائے۔ محمد ناصر مرزا نے کہا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر پوری دنیا میں ہے لیکن تقریبا تمام ممالک میں کاروبار عام اوقات میں ایس او پیز کے ساتھ جاری ہیں۔