جڑواں شہروں کی تاجر برادری کا کاروباری اوقات کار بڑھانے کا مطالبہ

119

راولپنڈی (اے پی پی)جڑواں شہروں کی تاجر برادری نے کاروباری مراکز کے اوقات کار بڑھانے کا مطالبہ کردیا ۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر محمد ناصر مرزا نے کہا کہ ماہ رمضان کے دوران شام 6 بجے تک معمول کے کاروبار بند کرنے کے بارے میں نوٹیفکیشن پر نظر ثانی کی جائے۔رمضان المبارک میں عید شاپنگ کی وجہ سے کاروبار کے حجم میں اضافہ ہو جاتا ہے لیکن کاروباری مراکز کے لیے اوقات کار کم کرنے سے کاروباری سرگرمیوں پر منفی اثر پڑے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے کاروباری برادری پہلے ہی مشکلات سے دوچار ہے ہفتے میں دو دن کاروبار بند رکھنے اور کاروباری اوقات کم کرنے سے ان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ خریداری کے اوقات کار کم کرنے سے بازاروں میں مزید رش پیدا ہوگا جس کی وجہ سے کرونا کیسز میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ماہ رمضان میں کاروباری اوقات 11 بجے تک بڑھا دیئے جائیں گے۔ دوسری جانب اسلام آباد چیمبر نے بھی کاروباری اوقات میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے ۔