اخوت دنیا کا سب سے بڑا اسلامی قرضوں کا پروگرام چلا رہی ہے

330

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اخوت اپنے اسلامی مائیکرو فنانس پروگرام کے تحت 99.99فیصد قرضوں کی بلاسود واپسی کے ساتھ دنیا کا سب سے بڑا اور کامیا ب قرض حسنہ اسکیم چلا رہی ہے ان خیالات کا اظہار اخوت کے بانی اور ایگزیکٹو ڈائریکڑ ڈاکٹرمحمد امجد ثاقب نے اخوت کے تحت ویبنار سے خطاب کر تے ہوئے کہی ۔اس ویبنار کا انعقاد نیشنل فورم فا ر انوائرنمنٹ اینڈ ہیلتھ اور سی ایس آر کلب آف پاکستان کے تعاون سے کیا گیا تھا۔اس موقع پر نیشنل فورم کی سیکرٹری جنرل رقیہ نعیم اور اخوت کی ہما ء احسان نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر ڈاکٹرامجد ثاقب نے کہا کہ اخوت نے 2001سے اب تک تقریبا 140بلین روپے کے بلا سود قرضے غریبوں میں تقسیم کیے ہیں۔انہوں نے کہا 140بلین کے قرضے 4.3ملین چھوٹے قرضوں کی صورت میں لوگوں کو دیے گئے تاکہ وہ لوگ اپنے کاروبار شروع کر کے ایک اچھی زندگی بسر کر سکیں۔انہوں نے بتایا کہ اخوت کا فلسفہ اسلام کے مواخات کے نظام پر مبنی ہے جس کے تحت معاشر ے کے پسے ہوئے طبقے کی مدد کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اخوت مائیکرو فنانس پروگرام کے علاوہ ، لوگوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے آسان و بلاسود قرضے اور تعلیم کے لیے مدد بھی فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملک میں پہلی فیس فری یونیورسٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے جو کہ تمام صوبوں کے عوام کے لیے ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ طلباء کو تعلیم حاصل کرنے کے لیے بھی قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔