کورونا بے قابو‘ دہلی اور مہاراشٹر میں کرفیو نافذ

299
ممبئی: کورونا وائرس کے متاثرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر نافذ کردہ لاک ڈاؤن کو یقینی بنانے کے لیے پولیس شہریوں پر تشدد کررہی ہے

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں تیزی سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث دہلی اور مہاراشٹر میں کرفیو نافذ کردیا گیا۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ دہلی میں رات 10بجے سے صبح 6بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔ دارالحکومت میں کورونا وبا سے حفاظت کے سلسلے میں کرفیو کے دوران طبی عملے اور دیگر افراد کے لیے کرفیو پاس جاری کیے جائیں گے۔ اس دوران نئی دہلی میں میٹنگ ہال، مال اور جم مکمل طور پر بند رہیں گے۔ دارالحکومت میں بدھ کے روز 104 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ کجریوال کا کہنا ہے کہ شہر کے اسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے بستروں کی کوئی کمی نہیں ہے اور اس وقت 5ہزار سے زیادہ بیڈ خالی ہیں۔ذرائع ابلاغ کے مطابق مہاراشٹر اس وقت کورونا وائرس سے سب سے متاثرہ ریاست ہے۔ اس کے بعد دہلی، پنجاب، ہریانہ اور اترپردیش میں بھی مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وزارتِ صحت کے کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 2لاکھ 739 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد مجموعی کیسوں کی تعداد ایک کروڑ 40 لاکھ 74 ہزار 564 تک پہنچ گئی ہے۔ اموات میں ریکارڈ اضافے کے باعث دہلی میں سب سے بڑے شمشان گھاٹ پر مردوں کو نذر آتش کرنے کے لیے لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔