جنوبی افریقا کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کریں گے ، بابر اعظم

327

سنچورین (جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ جنوبی افریقا کا چوتھا اورآخری ٹی ٹوئنٹی میچ آج سنچورین میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کو4میچوں کی سیریز میں2-1کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے اورتمام کھلاڑی آخری میچ جیتنے کے لیے پرعزم ہیں۔پاکستان دورہ جنوبی افریقا کا اختتام فتح کے ساتھ کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ بابراعظم الیون نے ون ڈے سیریز دو ایک سے اپنے نام کی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریزکا چوتھا اور آخری میچ جمعہ کو سپراسپورٹس پارک سنچورین میں شیڈول ہے۔ میزبان ٹیم نے اپنے آٹھ سینئرکرکٹرز کی غیرموجودگی میں زبردست فائٹنگ اسپرٹ کا مظاہرہ کیا۔ وانڈرزمیں پاکستان نے پہلامیچ سیکنڈ لاسٹ گیند پرایک سو نواسی رنز کا ہدف عبورکرکے فتح پائی تھی۔ اسی گرائونڈ پر دوسرا ٹی ٹوئنٹی جنوبی افریقا نے چودہ اوورز میں جیت لیا اورسیریز ایک ایک سے برابرکردی۔سنچورین کے پہلے میچ میں جنوبی افریقا پانچ وکٹوں کے نقصان پر 20 اوورز میں 203رنزکا پہاڑ کھڑا کیا لیکن پاکستانی کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان کے درمیان 197 رنز کی شراکت نے میچ کو یک طرفہ بنا دیا۔ پاکستان نے اپنی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف 18اوورز میں صرف ایک وکٹ کھو کرحاصل کرلیا۔ سنچورین کی وکٹ پاکستان ٹیم کے لیے موزوں ہے۔ قومی ٹیم فتح کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے پراعتماد ہے۔