منشیات فروشی و دیگر جرائم میں ملوث 47 ملزمان گرفتار

42

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پو لیس نے شہر قائد میں چھاپا مار کارروائیوں کے دوران منشیات فروشی ودیگر جرائم میں ملوث 47ملزمان کو گرفتارکرکے قبضے سے اسلحہ،منشیات،مسروقہ موٹرسائیکلیں،طلائی زیورات اور گٹکا برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملیر میں پولیس نے دو مختلف کارروائیوں میں 5 منشیات فروش گرفتار کرلیے ، گرفتار ملزمان کا تعلق بین الصوبائی منشیات فروشوں سے ہے۔بن قاسم پولیس نے دوران گشت مشکوک شخص کی تلاشی کے دوران ایک کلو سے زائد حشیش برآمد کرکے ملزم کوگرفتار کرلیا۔ شاہ لطیف ٹاؤن میں پولیس نے کارروائی کے بعد بین الصوبائی گروہ سے تعلق رکھنے والے گروہ کے 4 کارندے گرفتارکرلیے، ملزمان بلوچستان سے بھاری مقدار میں منشیات کراچی میں سپلائی کیلیے لائے تھے۔ایس پی ملیر کی سربراہی میں نیشنل ہائی وے کے قریب چھاپا مار کارروائی کی گئی، گرفتار ملزمان سے ساڑھے 22کلو سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی چرس تحویل میں لے لی گئی۔گرفتار 4ملزمان شہر کے مختلف علاقوں میں منشیات کی سپلائی پہنچاتے تھے۔ اے وی ایل سی نے مو ٹر سائیکل لفٹرز کے خلاف کارروائیاںکرتے ہوئے 5مو ٹر سائیکل لفٹرز کو گرفتار کرلیا ، مختلف تھانہ جا ت کی حدود سے سرقہ شدہ 4مو ٹر سائیکلیں بر آمد کرلی گئیں۔ ٹیپوسلطان پولیس نے رمضان المبارک کے مہینے میں شام کے اوقات میں رش والی دکانوں پر لوگوں کی جیبوں سے موبائل اور پیسے نکا لنے والے قینچی گروپ کے 3کارندوں کو گرفتار کرکے موٹر سائیکل، موبائل فون برآمد کرلیا۔ سولجر بازار پولیس نے تین دن قبل اسلحہ کے زور پر بیکری سے موبائل فون چھیننے والے ڈکیت کو CCTV فوٹیج کی مدد سے گرفتار کرلیا ،گرفتار ملزم کا دوسرا ساتھی راشد ولد سعید احمد مفرور ہے۔ نارتھ ناظم آباد پولیس نے ملزم محمد خان کو گرفتار کرکے پستول برآمد کرلیا، حیدری مارکیٹ پو لیس نے سیفی اسپتال کے باہر سے پارکنگ فیس وصول کر نے والے4 افراد کو گرفتار کرلیا۔ناظم آباد پولیس نے اسٹریٹ کریمنل ،کلری پولیس نے ڈکیت ،ڈیفنس پولیس نے منشیات فروش کو گرفتارکرلیا۔ ادھر کورنگی روڈ پر ٹھیلے و پتھارے لگانے والے دو افرادپکڑے گئے۔